حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے سیاسی نظریاتی دفتر کے سربراہ حجۃ الاسلام علی سعیدی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے فلسطینیوں کے ساتھ خیانت کرکے خود کو رسوا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور منافقین کے چہروں سے نقاب اترنے کا دور ہے۔ عرب حکمرانوں نے اس سے قبل اسرائیل کے ساتھ خفیہ تعلقات برقرار کررکھے تھے اوروہ منافقانہ اور دوگانہ پالیسی پر گامزن تھے ۔ متحدہ عرب امارات اور بحرین کا منافقانہ چہرہ اب نمایاں ہوگیا ہے۔
علی سعیدی نے کہا کہ امریکی حکومت کا فساد بھی دنیا کے سامنے نمایاں ہوگیا ہے۔
علی سعیدی نے اسرائیل کے ساتھ اسلامی ممالک کے سربراہان کے خفیہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور ان سے پہلے مصر اور اردن کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات اور بحرین کی فلسطینیوں کے ساتھ غداری کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور بیت المقدس کی آزادی تک ہم فلسطینیوں کے ساتھ رہیں گے۔